سعودی بادشاہ ایشیائی ممالک کے دورے پر

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ایشیائی ملکوں کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے پر ملائشیا پہنچ گئے۔ روانگی سے قبل انہوں نے مملکت کے انتظامی امور کی نیابت ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف کے حوالے کی۔ کوالالمپور ہوائی اڈے پر ان کا استقبال ملائشین وزیر اعظم محمد نجیب عبدالرزاق، وزیر دفاع ھشام الدین حسین اور دیگر اعلیٰ ملائشین حکام نے کیا۔

اس موقع پر کوالالمپور میں سعودی عرب کے سفیر فہد بن عبداللہ الرشید سمیت سفارتخانہ کا عملہ بھی موجود تھا۔ خادم الحرمین الشریفین کو ائرپورٹ سے ملائشین پارلیمنٹ ایک بڑے قافلے کی صورت میں سرکاری اعزاز کے ساتھ لیجایا گیا۔

خادم حرمین ملائیشیا کی قیادت کے ساتھ وسیع پیمانے پر ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد سیاسی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے میدان میں شراکت داری کو بڑھانا اور خطے کی صورت حال کو زیر بحث لانا ہے۔ دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان متعدد سیاسی، اقتصادی اور تجارتی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

ایک ماہ جاری رہنے والے دورے میں سعودی فرماں روا 7 ممالک جائیں گے۔ ان میں ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی، جاپان، چین اور مالدیپ شامل ہیں۔ دورے کے اختتام پر شاہ سلمان اردن پہنچیں گے جہاں وہ دارالحکومت عَمّان میں عرب سربراہ اجلاس میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔

تبصرہ کریں

Loading Facebook Comments ...

تبصرہ کریں