کامیابی کیلئے غلطیوں کی گنجائش نہیں:آرتھر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے تیسرے میچ میں جنید خان کی نوبال کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز میں کامیابی کے لیے معمولی غلطیوں کی بھی گنجائش نہیں ہے۔

کرکٹ ڈاٹ آسٹریلیا کی رپورٹ کے مطابق مکی آرتھر نے کہا کہ جنید خان نوبال کرنے کے عادی نہیں ہیں بلکہ یہ ان کی غلطی تھی تاہم ان کی اس غلطی کی ٹیم کو تیسرے میچ میں بھاری قیمت چکانی پڑی تھی۔

آسٹریلیا نے تیسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کی تھی۔

پاکستانی ٹیم میں واپسی کرنے والے فاسٹ باؤلر جنید خان نے آسٹریلیا کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بلےباز پیٹرہینڈزکومب کو آؤٹ کیا تھا لیکن نوبال کے باعث انھیں قیمتی موقع ملا جبکہ چار اوور بعد ان کی گیند پر ہینڈزکومب کا کیچ گرا دیا گیا جس میں ان کی جانب سے دوبارہ وہی غلطی دہرائی گئی۔

ہینڈز کومب نے 82 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلوانے کے لیے اسٹیو اسمتھ کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کی پاکستان کو شکست،سیریز میں برتری

مکی آرتھر نے جنید خان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ نوبال کرنے کا عادی نہیں، انھیں میدان میں چلنی والی ہلکی ہوا سے مشکلات پیش آرہی تھی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘لیکن اب بھی یہ کوئی قابل قبول وجہ نہیں ہے ہمیں اپنے پاؤں لکیر سے پیچھے رکھنے ہوں گے’۔

آرتھر نے کہا کہ ان کی ٹیم کو اگر سیریز میں حقیقی جیت حاصل کرنی ہے تو اس طرح کی معمولی غلطیاں برداشت نہیں کرسکتے۔

اظہرعلی کی واپسی

ہیڈ کوچ نے چوتھے میچ میں کپتان اظہرعلی کی واپسی کی خبر سناتے ہوئے کہا کہ ‘وہ اچھی پریکٹس کررہے ہیں اور رننگ میں بھی بہتر ہیں جبکہ فیلڈنگ میں بھی ٹھیک ہوگئے ہیں اس لیے ہم اتوار کو ہونے والے میچ میں ان کی واپسی کے لیے پرامید ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ان کے آنے سے ہماری ٹیم کو بڑا سہارا ملے گا اور ہماری بلے بازی کو بھی بڑا سہارا ہوگا اور میں ان کی واپسی کے لیے پرعزم ہوں’۔

آرتھر سیریز میں واپسی کے لیے پراعتما ہیں اور اگر اسپنرز نے اپنا جادو دکھایا تو اس کو حقیقی روپ دیا جاسکے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘ہمیں اب دو گراؤنڈز میں کھیلنا ہے جو ہمارے لیے سازگار ہیں، سڈنی میں پورے سال ٹرن رہتی ہے اور ایڈیلیڈ میں سلو وکٹ ہوتی ہے’۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ‘اس لیے ان دو میدانوں میں ہمارے باؤلرزبھرپور کھیلیں گے’۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اتوار کو سیریز کا چوتھا میچ کھیلا جائے گا۔

تبصرہ کریں

Loading Facebook Comments ...

تبصرہ کریں