اسپاٹ فکسنگ: 5 کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تمام کرکٹرز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) پر ڈالنے کی منظوری دیتے ہوئے بکیز کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرِ صدارت اعلیٰ اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، نادرا، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور وزارتِ داخلہ کے سینئر افسران شریک تھے۔

ای سی ایل پر جن کھلاڑیوں کے نام ڈالے جا رہے ہیں ان میں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ناصر جمشید کو بھی طلب کر رکھا ہے لیکن وہ اس وقت پاکستان نہیں آ سکتے کیونکہ ان کا پاسپورٹ برطانوی حکام کے پاس ہے اور انہیں جلد ہی کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

اسپاٹ فکسنگ کے معاملے پر ایف آئی اے حکام کی جانب سے وزیرِ داخلہ کو بتایا گیا کہ خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کو اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی کل اپنے بیانات دیں گے۔

وزیرِ داخلہ نے پی ٹی اے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرکٹ میں جوا لگانے اور اسکو فروغ دینے والی تمام ویب سائٹس کو بھی بند کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں تاکہ اس گھناؤنے کاروبار کا سدباب کیا جا سکے۔

انہوں نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ان بکیز کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی جو اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ہیں۔

چوہدری نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ سپاٹ فکسنگ معاملے کی ہر پہلو سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ پاکستان کا نام بدنام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا مزید کہ اس معاملے کی تفتیش میں بالکل نرمی نہ برتی جائے اور کسی بھی ملوث شخص کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔

تبصرہ کریں

Loading Facebook Comments ...

تبصرہ کریں